بھوپال26جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے شہریوں سے باہمی امن و امان کے تانے بانے کوتباہ کرنے کی کوشش کرنے والوں سے خبردار رہنے کی گزارش کی۔مسٹر کمل ناتھ نے یوم جمہوریہ کے موقع پر کانگریس کے کارکنان اور شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں خطرہ باہری دشمنوں سے نہیں، بلکہ سماج کے اندر پنپنے والے دشمنوں سے ہے۔انہوں نے کہاہے کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہی ہماری سب سے بڑی پونجی ہے۔اس کے علاوہ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے کہاہے کہ شہری علاقے کے غریب نوجوانوں کو عارضی روزگار دینے کے لیے ’یووا سوابھیمان یوجنا‘ شروع کی جا رہی ہے۔اس کے تحت شہری علاقوں کے غریب نوجوانوں کو ایک سال میں 100 دن روزگار فراہم کرایا جائے گا۔مسٹر کمل ناتھ نے یوم جمہوریہ کے موقع پر شہریوں کے نام اپنے پیغام میں نئے منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاہے کہ نوجوان طاقت کے ہاتھوں میں ریاست کامستقبل ہے۔